سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ، شادی کے سیزن میں زیورات کی خریداری کا سنہرا موقع

نئی دہلی: سونے اور چاندی کی قیمتوں میں گزشتہ چند ماہ کے دوران آنے والی بڑی گراوٹ نے زیورات کے بازار میں خریداروں کی دلچسپی بڑھا دی ہے۔ خاص طور پر شادیوں کے سیزن سے قبل سونے کی قیمت میں تقریباً 50 ہزار روپے فی 10 گرام تک کمی آنے کے بعد گاہک بڑی تعداد میں خریداری کے لیے بازاروں کا رخ کر رہے ہیں۔ جیولرس کا کہنا ہے کہ طویل عرصے بعد قیمتوں میں اس قدر کمی خریداروں کے لیے ایک بڑا موقع ہے۔

راجکوٹ کے رادھیکا جیولرس کے مالک مکیش بھائی نے آئی اے این ایس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی کی بنیادی وجہ ملکی نہیں بلکہ بین الاقوامی بازار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنی ضرورت کا بیشتر سونا اور چاندی درآمد کرتا ہے، اس لیے عالمی بازار میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کا براہ راست اثر ہندوستانی بازار پر پڑتا ہے۔ بین الاقوامی بازار میں تیزی کے دوران جس طرح قیمتیں بڑھی تھیں، اسی طرح اب وہاں آنے والی گراوٹ کا اثر بھی ہندوستان میں دکھائی دے رہا ہے۔

مکیش بھائی کے مطابق بازار کو قیمتوں میں اتنی بڑی کمی کی توقع نہیں تھی۔ گزشتہ سال دیوالی کے موقع پر سونے کی قیمت تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے فی 10 گرام تھی، جبکہ اب بعض اقسام میں یہ گھٹ کر تقریباً ایک لاکھ 15 ہزار روپے فی 10 گرام رہ گئی ہے۔ ایسے میں جنوری اور فروری میں ہونے والی شادیوں کی تیاری کر رہے خاندانوں کے لیے یہ خریداری کا سنہرا موقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ قیمتوں پر زیورات خریدنے والوں کو اچھا فائدہ مل سکتا ہے۔

مستقبل میں قیمتوں کی صورت حال پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں سونے کی قیمتوں میں اب بہت زیادہ گراوٹ کا امکان نظر نہیں آتا۔ ان کے خیال میں بازار اپنی کم ترین سطح کے قریب پہنچ چکا ہے اور یہاں سے مزید کمی ہوئی بھی تو وہ دو سے پانچ فیصد تک محدود رہ سکتی ہے۔

چاندی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس کی قیمتیں تقریباً پہلے والی سطح پر واپس آ گئی ہیں۔ ان کے مطابق چاندی کی قیمتوں میں پہلے آنے والی تیزی کے بعد اصلاحی گراوٹ فطری تھی۔ موجودہ قیمتیں چاندی کی زیادہ حقیقی قدر کی عکاسی کرتی ہیں اور آئندہ اس کی قیمتوں میں اضافے کا امکان زیادہ ہے۔

دوسری جانب زیورات کی خریداری کے لیے بازار پہنچنے والی گاہک سیما بین جوشی نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ ان کے بیٹے کی شادی ہے اور وہ اسی سلسلے میں زیورات خریدنے آئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سونے کی قیمتوں میں کمی ان کے لیے اضافی خوشی کا باعث ہے۔ شادیوں کے موسم میں قیمتیں کم ہونا خریداروں کے لیے بڑی راحت ہے اور اگر قیمتیں اسی طرح سازگار رہیں تو وہ مزید خریداری بھی کریں گی۔

ادھر جمعہ کو ملٹی کموڈٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس) پر دسمبر میں ڈیلیوری والے سونے کی قیمت میں 3.7 فیصد یعنی 4,770 روپے کی کمی درج کی گئی اور یہ ایک لاکھ 22 ہزار 681 روپے فی 10 گرام پر کاروبار کرتا نظر آیا۔

چاندی کی قیمت میں اس سے بھی زیادہ گراوٹ دیکھی گئی۔ ایم سی ایکس پر دسمبر میں ڈیلیوری والی چاندی پانچ فیصد سے زیادہ یعنی 8 ہزار روپے سے زائد کی کمی کے بعد ایک لاکھ 49 ہزار 475 روپے فی کلوگرام پر کاروبار کرتی نظر آئی۔ کاروبار کے دوران سونے کی قیمت ایک لاکھ 21 ہزار 424 روپے کی کم ترین سطح تک پہنچ گئی، جبکہ چاندی نے ایک لاکھ 46 ہزار 868 روپے فی کلوگرام کی انٹرا ڈے کم ترین سطح کو چھوا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں