جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ارجن منڈا کی والدہ سائرہ منڈا کا پیر کی علی الصبح انتقال ہو گیا۔ وہ گزشتہ کچھ وقت سے علیل چل رہی تھیں اور جمشید پور واقع ٹاٹا موٹرس اسپتال میں ان کا علاج جاری تھا۔ علاج کے دوران ان کی حالت انتہائی نازک بنی ہوئی تھی، جہاں پیر کی صبح انھوں نے آخری سانس لی۔
سائرہ منڈا گزشتہ کچھ وقت سے بیمار تھیں اور صحت سے متعلق مسائل کا سامنا کر رہی تھیں۔ حالات بگڑنے پر انھیں جمشید پور کے ٹاٹا موٹرس اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اسپتال میں ڈاکٹروں کی ٹیم ان کی صحت پر مستقل نظر رکھ رہی تھی۔ حالانکہ علاج کے دوران ان کی حالت نازک بنی رہی اور بالآخر انھوں نے آج دنیائے فانی کو الوداع کہہ دیا۔
سائرہ منڈا کے انتقال کی خبر پر جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے ’ایکس‘ جاری تعزیتی پیغام میں لکھا ہے کہ ’’جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ اور بڑے بھائی قابل احترام ارجن منڈا کی والدہ کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ والدہ کا انتقال زندگی میں ناقابل تلافی خسارہ ہے۔ اس غم کے وقت میں ارجن منڈا اور ان کے اہل خانہ کے تئیں میری گہری ہمدردی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے لکھا کہ ’’مارانگ برو مرنے والے کی روح کو سکون فراہم کرے اور غمزدہ کنبہ کو اس بے پناہ تکلیف کو برداشت کرنے کی طاقت دے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ سائرہ منڈا کی آخری رسومات آج ہی ادا کی جائیں گی۔ دی گئی جانکاری کے مطابق دوپہر 1 بجے جمشید پور واقع ان کی گھوڑا باندھا رہائش سے آخری سفر کا جلوس نکلے گا۔ جمشید پور کے سورن ریکھا برننگ گھاٹ پر ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ اہل خانہ کی طرف سے آخری رسومات سے متعلق سبھی ضروری تیاریاں پوری کر لی گئی ہیں۔