راجوری/جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹری سجن سنگھ یادو نے ضلع راجوری میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضلع میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور حکومت نوجوان کھلاڑیوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
عہدہ سنبھالنے کے بعد ضلع کے اپنے پہلے دورے کے دوران چیف سیکریٹری نے بچوں سے ملاقات کی، ان کی کھیلوں کی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا اور خود بھی مختلف کھیلوں میں حصہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے نشہ مکت ابھیان کے تحت حلف بھی دلایا۔
نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے سجن سنگھ یادو نے کہا کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد راجوری ان کا پہلا دورہ کرنے والا ضلع ہے۔ انہوں نے بچوں میں کھیلوں کے تئیں جوش و جذبے اور ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔
کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے چیف سیکریٹری نے ڈپٹی کمشنر راجوری کو ہدایت دی کہ موجودہ کھیلوں کی سہولیات کو اپ گریڈ کرنے اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کی غرض سے ایک جامع ماسٹر پلان تیار کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مقصد صرف بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا نہیں بلکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا اور انہیں صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دینا بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کھیل بچوں میں نظم و ضبط، کھیل کے جذبے اور ٹیم ورک کی صلاحیت پیدا کرتے ہیں، اس لیے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو کھیلوں سے جوڑنے کی ضرورت ہے تاکہ ہماری نوجوان نسل صحت مند رہے۔
چیف سیکریٹری نے کھیلو انڈیا منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر پلیٹ فارم، رہنمائی اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کھیلو انڈیا اور اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (ایس اے آئی) کے اشتراک سے مزید تربیت یافتہ کوچز کی خدمات حاصل کرنے پر بھی زور دیا تاکہ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ جدید تربیتی سہولیات اور معیاری کوچنگ کی بدولت مقامی کھلاڑی قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لے سکیں گے، تمغے حاصل کریں گے اور آنے والی نسلوں کے لیے مثال بنیں گے۔
راجوری میں ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، والی بال، باکسنگ اور کرکٹ سمیت مختلف کھیلوں میں موجود صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے چیف سیکریٹری نے امید ظاہر کی کہ یہ ضلع مستقبل میں بہترین کھلاڑی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا، ’’میں چاہتا ہوں کہ اگلا مہندر سنگھ دھونی یہیں سے سامنے آئے اور اگلا سچن ٹنڈولکر راجوری سے تعلق رکھتا ہو۔ ہمارے بچوں کو جن سہولیات اور جتنے فنڈز کی ضرورت ہوگی، حکومت وہ فراہم کرے گی۔‘‘
چیف سیکریٹری نے نچلی سطح پر ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی شناخت کرنے اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے لیے مناسب مواقع فراہم کرنے کی غرض سے خصوصی پروگرام شروع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ دورے کے بقیہ حصے کے دوران ضلع کے دیگر ترقیاتی امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments