لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس دن اسمبلی انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوگا، اسی دن بی جے پی کی شکست بھی طے ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو سماج وادی پارٹی اور انڈیا اتحاد ہی شکست دے گا۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے معاملے پر حکومت کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔ حکومت مسلسل جھوٹے وعدے کرتی رہی، لیکن نوجوانوں کو نوکری اور روزگار فراہم کرنے میں ناکام رہی۔
اکھلیش یادو منگل کو سکھ مذہب کے بانی گرو نانک دیو کے 557ویں پرکاش پرو (یومِ ولادت) کے موقع پر لکھنؤ کینٹ کے ایک گرودوارے میں منعقدہ پروگرام میں شرکت کے لیے پہنچے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے گرو نانک دیو کے پرکاش پرو کی مبارک باد دیتے ہوئے سب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پروگرام کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے ریاست کی بی جے پی حکومت کو روزگار اور سرمایہ کاری کے معاملے پر نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں سرمایہ کاری صرف تصویروں میں دکھائی دے رہی ہے، جب کہ زمینی سطح پر کہیں بھی سرمایہ کاری نظر نہیں آتی۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ تائیوان سے ایک ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری آئے گی، لیکن یہ سب صرف تصویروں تک محدود ہے۔ اس سے اترپردیش اور یہاں کے نوجوانوں کو کوئی فائدہ نہیں ہونے والا ہے۔
آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ساتھ اتحاد کے سوال پر اکھلیش یادو نے کہا کہ اتحاد کے سلسلے میں بات چیت کی ذمہ داری سینئر لیڈروں کو سونپی گئی ہے اور اس سلسلے میں گفتگو جاری ہے۔ انڈیا اتحاد کا مقصد بی جے پی کو شکست دینا، جمہوریت اور آئین کا تحفظ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد جیت کے لیے کیا جاتا ہے۔
اترولیا اسمبلی حلقے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر سماج وادی پارٹی کے سربراہ نے دعویٰ کیا کہ اس نشست پر ان کی پارٹی کامیابی حاصل کرے گی اور سنگرام یادو تاریخی ووٹوں سے جیت درج کریں گے۔ ان کے مطابق اترولیا کے عوام جانتے ہیں کہ ایکسپریس وے، چار لین سڑکوں اور اسپتالوں کی تعمیر کے بعد علاقے میں تبدیلی آئی ہے۔
اس سے قبل گرو نانک دیو کے پرکاش پرو کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ آج ملک اور دنیا بھر میں گرو نانک دیو کا پرکاش پرو منایا جا رہا ہے۔ ملک کو خوش حالی اور ترقی کی راہ پر آگے بڑھانے میں سکھ برادری کا بہت بڑا تعاون ہے۔ امریکہ، یورپ، کینیڈا اور آسٹریلیا سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں ہندوستان کی شبیہ بہتر بنانے میں بھی سکھ برادری نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ مختلف مقامات پر گرودواروں میں جمع ہوکر گرو نانک دیو کی تعلیمات اور سماج کے لیے ان کی خدمات کو یاد کر رہے ہیں۔ ہمیں فخر ہے کہ ہندوستان میں مختلف مذاہب اور عقائد کے ماننے والے لوگ مل جل کر رہتے ہیں۔ یہی ہمارے ملک کی خوب صورتی ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ گرو نانک دیو کے پیروکار ذات اور مذہب کی بنیاد پر امتیاز نہیں کرتے۔ پرکاش پرو کا پیغام بھی یہی ہے کہ ہم سب مل جل کر رہیں اور ایک دوسرے کا احترام کریں۔