نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے منگل کو شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے درمیان اتحاد پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں صرف اقتدار حاصل کرنے کے لیے ایک ساتھ آئی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کے عوام ان پر بھروسہ نہیں کرسکتے۔ کیجریوال کے مطابق، عام آدمی پارٹی کی حکومت نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ریاست میں ترقیاتی کام کیے ہیں۔
نئی دہلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ ان کی جماعت کا اتحاد پنجاب کی ماؤں، بہنوں، درج فہرست ذاتوں (ایس سی) سے تعلق رکھنے والے لوگوں، کسانوں اور تاجروں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور اکالی دل اقتدار کے لیے بار بار ایک ساتھ آتے ہیں اور پھر الگ ہوجاتے ہیں۔ ان کے بقول، عام آدمی پارٹی پنجاب کی ترقی کے لیے کام کر رہی ہے اور پوری ریاست دیکھ رہی ہے کہ وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے گزشتہ پانچ برسوں میں پنجاب کو دوبارہ ترقی کی راہ پر لانے کے لیے کتنی محنت کی ہے۔ سابقہ حکومتوں نے ریاست کو تباہ کردیا تھا۔
عام آدمی پارٹی کے سینئر رہنما منیش سسودیا نے بھی بی جے پی اور اکالی دل کے اتحاد پر طنز کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا دو سیاسی جماعتیں ایک ساتھ آرہی ہیں یا پھر پرانے منشیات اسمگلر دوبارہ ہاتھ ملا رہے ہیں؟ انہوں نے الزام لگایا کہ جن لوگوں نے پنجاب کو منشیات کی دلدل میں دھکیلا، وہ ایک بار پھر متحد ہورہے ہیں اور ریاست کے عوام ان کی حقیقت جانتے ہیں۔
سسودیا نے بھگونت مان حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے پنجاب کے ہر گھرانے کے لیے کام کیا ہے۔ حکومت نے اسکولوں، اسپتالوں، روزگار، کسانوں اور تاجروں کے مسائل پر توجہ دی ہے اور عوام کو دوراندیشی رکھنے والی ایک ایماندار حکومت فراہم کی ہے۔ انہوں نے بھگونت مان اور عام آدمی پارٹی کے لیے سنتوں کا آشیرواد بھی طلب کیا۔
عآپ رہنما انوراگ ڈھانڈا نے الزام لگایا کہ دونوں جماعتوں کے اتحاد کے دوران پنجاب کے دیہات میں منشیات اور نشہ آور اشیا کا کاروبار پھیلا تھا، جس نے نوجوانوں کی ایک پوری نسل کو تباہ کردیا۔ ان کے مطابق، گزشتہ ساڑھے چار برسوں میں عآپ حکومت نے منشیات کے کاروبار پر قابو پانے اور اسے کم کرنے کے لیے سخت محنت کی ہے، لیکن بی جے پی اور اکالی دل کو یہ برداشت نہیں ہورہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دونوں جماعتیں دوبارہ اتحاد کرکے پنجاب میں منشیات کے کاروبار کو فروغ دینا چاہتی ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ سکھبیر سنگھ بادل پنجاب جائیں گے تو عوام کو کیا جواب دیں گے۔
پنجاب سے تعلق رکھنے والے عآپ رہنما بلتیج سنگھ پنوں نے کہا کہ بی جے پی اور اکالی دل کا اتحاد ان کی جماعت کے لیے کوئی نئی چیلنج نہیں ہے، تاہم پنجاب کے عوام اس اتحاد سے متعلق کئی سوالات پوچھیں گے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ کسانوں کے احتجاج کے دوران 700 سے زیادہ کسانوں کی جانیں گئیں، جس کے بعد اکالی دل نے کسانوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے بی جے پی سے اتحاد توڑ دیا تھا۔ اب دوبارہ اتحاد کرنے پر اسے جواب دینا ہوگا کہ کیا کسانوں کو ان کے حقوق مل گئے ہیں؟
پنوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں 2007 سے 2017 کے دوران اکالی دل اور بی جے پی کی حکومت کے زمانے میں ہی ‘چِٹّا’ (منشیات) کا پھیلاؤ ہوا تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا اب یہ مسئلہ دوبارہ سر اٹھانے والا ہے؟