راجستھان پنچایت انتخابات کے نتائج سے خوفزدہ ایم پی حکومت نے کوآپریٹو کمیٹیوں کے انتخابات ملتوی کیے: کانگریس

مدھیہ پردیش میں کوآپریٹو (تعاون) کمیٹیوں کے انتخابات ایک سال کے لیے ملتوی کیے جانے پر کانگریس نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ ریاست میں قائد حزب اختلاف امنگ سنگھار نے الزام لگایا ہے کہ راجستھان میں پنچایت اور ضلع پریشد انتخابات کے نتائج سے خوفزدہ ہوکر وزیر اعلیٰ موہن یادو کی حکومت نے مدھیہ پردیش میں کوآپریٹو کمیٹیوں کے انتخابات ایک سال کے لیے آگے بڑھا دیے ہیں۔

کانگریس رہنما امنگ سنگھار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ راجستھان کے پنچایت اور ضلع پریشد انتخابات کے نتائج سے بی جے پی خوفزدہ ہے، اسی لیے وہ مدھیہ پردیش میں کوآپریٹیو انتخابات کو ٹال رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت کئی برسوں سے ان انتخابات کو ملتوی کرتی آرہی ہے۔

سنگھار نے کہا کہ کوآپریٹو شعبہ ریاست کے کسانوں کو بیج، کھاد اور آبپاشی کے لیے قرض کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ نئی سیاسی قیادت کے ابھرنے کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے۔ لیکن بی جے پی حکومت انتخابات ملتوی کرکے جمہوریت کا قتل کر رہی ہے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ کوآپریٹو کمیٹیاں کسانوں کے مفادات کے لیے کام کرتی ہیں اور انہی اداروں کے ذریعے کسانوں کو کھاد اور قرض فراہم کیا جاتا ہے۔ ایسے میں سوال یہ ہے کہ حکومت آخر کسانوں کے مفاد میں کام کیوں نہیں کرنا چاہتی اور اسے کوآپریٹو انتخابات سے خوف کیوں محسوس ہو رہا ہے؟

انہوں نے راجستھان کے پنچایت اور ضلع پریشد انتخابات کے نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ کیا حکومت ان نتائج سے گھبرائی ہوئی ہے؟ یا کسانوں میں کھاد اور بجلی کی قلت اور نوجوانوں میں روزگار کے مسائل کو لے کر پائی جانے والی ناراضگی سے خوفزدہ ہے؟ کیا راہل گاندھی کی جمہوریت بچاؤ مہم بھی حکومت کی پریشانی کی وجہ ہے؟ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت خوفزدہ ہے تو اس کی سزا کسانوں اور عام شہریوں کو کیوں ملنی چاہیے؟

سنگھار نے کوآپریٹو کمیٹیوں کو دیہی علاقوں کی سب سے بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان اداروں سے کسانوں کو فائدہ پہنچتا ہے اور گاؤں کی قیادت بھی یہیں سے ابھرتی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ موہن یادو سے مطالبہ کیا کہ انتخابات ایک سال کے لیے ملتوی کرنے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور کوآپریٹو شعبے سے وابستہ لوگوں کے مفادات کا خیال رکھا جائے۔

دوسری جانب ریاستی کابینہ نے کثیرالمقاصد ابتدائی زرعی قرض کوآپریٹو کمیٹیوں (پی اے سی ایس) کے مقررہ انتخابات کی مدت میں ایک سال کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کے مطابق ریاست کی ان گرام پنچایتوں میں، جہاں ابھی تک ایسی کمیٹیاں قائم نہیں تھیں، ان کی تشکیل نو کا عمل جاری ہے اور تمام نئی تشکیل شدہ کمیٹیوں نے ابھی کام شروع نہیں کیا ہے۔

کابینہ کا کہنا ہے کہ کمیٹیوں کے مکمل طور پر فعال ہونے سے پہلے انتخابات کرانے سے مستقبل میں قانونی اور انتظامی مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔ اسی خصوصی صورت حال کے پیش نظر انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مارکیٹنگ کمیٹیوں اور ضلعی کوآپریٹو بینکوں کے انتخابات کی مدت میں بھی ضرورت کے مطابق توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں آئندہ کارروائی کے لیے محکمہ کوآپریشن کو مجاز قرار دیا گیا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں