شیش ناگ جھیل کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، بی آر او پہلے سے موجود 12 فٹ چوڑے راستے پر کام کر رہی ہے: الطاف کلو

اننت ناگ/جموں و کشمیر کے وزیر برائے جنگلات، ماحولیات و ایکولوجی الطاف کلو نے کہا ہے کہ شیش ناگ جھیل کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے اور بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) صرف پہلے سے موجود 12 فٹ چوڑے پیدل راستے پر کام کر رہی ہے۔
اننت ناگ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے الطاف کلو نے بتایا کہ بی آر او کی جانب سے جاری کام کے تحت امرناتھ یاترا پر جانے والے عقیدت مندوں کے لیے پہلے سے موجود پیدل راستے پر ٹائلیں بچھائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام سال 2023 میں طے پانے والے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی شرائط کے مطابق انجام دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے کہ کام معاہدے کے دائرہ کار میں ہی انجام پائے۔ اس سلسلے میں محکمہ جنگلات جاری کام کی نگرانی بھی کر رہا ہے تاکہ طے شدہ شرائط پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر نے واضح کیا کہ ’’شیش ناگ کو کچھ نہیں ہوا ہے‘‘ اور اس معاملے پر اٹھائے جا رہے خدشات کو مسترد کیا۔
الطاف کلو نے کہا کہ علاقے کے نازک ماحولیاتی نظام کا تحفظ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور حکومت بھی ماحولیات کے تحفظ کے لیے پوری طرح سنجیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’ماحولیات کا تحفظ اور اس کی دیکھ بھال ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ ہم اس کے لیے پُرعزم ہیں اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کی نگرانی کی جا رہی ہے کہ ایم او یو کی تمام شرائط پر مکمل طور پر عمل کیا جائے۔‘‘
اپوزیشن جماعتوں کی تنقید پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر نے الزام لگایا کہ وہ سیاسی فائدے کے لیے معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات سے قبل بی جے پی اور پی ڈی پی ایک طے شدہ سیاسی کھیل کھیل رہی ہیں۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا حکومت عوامی خدشات کے پیش نظر اس منصوبے کو منسوخ کرنے پر غور کرے گی، وزیر نے کہا کہ اس معاملے کو سپریم کورٹ کی ہدایات سے الگ کرکے نہیں دیکھا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا ایک حکم موجود ہے جس کے تحت مقدس امرناتھ غار کی یاترا پر جانے والے عقیدت مندوں کے لیے راستے کی دیکھ بھال ضروری ہے۔
الطاف کلو نے کہا کہ ’’کوئی بھی وزیر سپریم کورٹ سے بالاتر نہیں ہے۔ امرناتھ یاترا پر آنے والے عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے 12 فٹ چوڑے راستے کی دیکھ بھال ضروری ہے۔‘‘وزیر نے ایک بار پھر یقین دہانی کرائی کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کام صرف منظور شدہ راستے تک محدود رہے اور 2023 کے مفاہمتی یادداشت میں طے کردہ ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں