کراچی: زیرِ تعمیر6 منزلہ عمارت منہدم، 3 افراد جاں بحق، 14زخمی، متعدد کے دبے ہونے کا خدشہ

وزیراعلیٰ سندھ کا جائے حادثہ کا دورہ، غیر قانونی تعمیرات پر برہمی، اسٹے آرڈر لانے والوں کو جوتے لگانے کا حکم؛ ٹھیکے دار سمیت 5 افراد زیرِ حراست

November 25, 2026 · اہم خبریں, قومی

تصویر: سوشل میڈیا

تصویر: سوشل میڈیا

کراچی: شہرِ قائد کے علاقے بلوچ کالونی، شارع فیصل کے قریب ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (کے ای سی ایچ ایس) بلاک 4 میں قبا مسجد کے نزدیک 600 گز کے رقبے پر زیرِ تعمیر چھ منزلہ رہائشی عمارت کی بالائی منزلیں اچانک زمین بوس ہوگئیں۔ افسوسناک حادثے کے نتیجے میں اب تک 3 مزدور جاں بحق جبکہ 14 افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں، جبکہ ملبے تلے مزید 10 سے 15 افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عمارت کے ٹھیکے دار سمیت پانچ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

امدادی کارروائیاں اور زخمیوں کی تفصیلات

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، کے ایم سی فائر بریگیڈ اور فلاحی اداروں (چھیپا و ایدھی) کی ٹیمیں بھاری مشینری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو 1122 کے ڈائریکٹر عابد جلال کے مطابق عمارت کے اندر داخل ہونے کے لیے تین راستے بنا لیے گئے ہیں اور سرچ آپریشن مسلسل جاری ہے۔ چھیپا حکام کے مطابق حادثے کے وقت عمارت میں 20 کے قریب مزدور اور اتنے ہی رنگ و روغن کرنے والے افراد سمیت مجموعی طور پر 40 سے 45 افراد کام کر رہے تھے۔

ریسکیو حکام نے ملبے سے 3 لاشیں اور 14 زخمیوں کو نکال کر جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کیا۔ جناح اسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام زخمیوں کی عمریں 17 سے 39 سال کے درمیان ہیں جنہیں معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں اور تمام کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ زخمیوں میں نادر حسین (39)، احمد (17)، لال خان (35)، عزیز الحق ولد حبیب الرحمان (22)، روح اللہ (22)، نوید (24)، واصل خان (25)، بلال (25)، عطاء اللہ (26)، عزیز الحق ولد نبی داد (20)، وقار خان (22)، ایم احسن (22)، ایم مکی (35) اور ایک نامعلوم 25 سالہ شخص شامل ہے۔

دوسری جانب لاپتا افراد کے ورثا نے ریسکیو آپریشن کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شکوہ کیا ہے کہ کسی حکومتی شخصیت نے انہیں صورتحال سے آگاہ نہیں کیا۔ لاپتا افراد میں پرانا گولیمار کے رہائشی تین دوست بھی شامل ہیں جو ماربل کا کام کرتے ہیں اور واقعے کے روز کچن کی تیاری کے سلسلے میں عمارت میں آئے تھے، جن کے موبائل فونز تاحال بند جا رہے ہیں۔

حادثے کی ممکنہ وجہ اور غیر قانونی تعمیرات کا انکشاف

علاقہ مکینوں کے مطابق حادثے کی ممکنہ ابتدائی وجہ عمارت کے مرکزی ستون (پلر) کے بالکل ساتھ کی جانے والی بورنگ ہے، جس کے باعث بنیادیں کمزور ہوئیں اور عمارت مسلسل لرز رہی تھی؛ جس وقت عمارت گری اس وقت بھی بورنگ کا کام جاری تھا۔

دستاویزی شواہد اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ذرائع سے یہ سنگین انکشاف سامنے آیا ہے کہ 600 گز کے اس رہائشی پلاٹ کا نقشہ عبداللہ شکیل نامی شخص کے نام پر 10 مارچ 2026 کو صرف بیسمنٹ اور گراؤنڈ پلس ون (G+1) کے لیے منظور ہوا تھا۔ تاہم، مبینہ طور پر ایس بی سی اے افسران کی سرپرستی میں محض آٹھ ماہ کے قلیل عرصے میں قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑاتے ہوئے غیر قانونی طور پر چھ منزلیں کھڑی کر دی گئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ  کا دورہ، برہمی اور سخت احکامات

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے دیگر زیرِ تعمیر عمارتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ایسٹ سے استفسار کیا کہ یہ غیر قانونی تعمیرات کیسے ہو رہی ہیں؟ ڈی سی ایسٹ نے جواب دیا کہ مالکان عدالتوں سے اسٹے آرڈر لے آتے ہیں۔ جس پر وزیراعلیٰ شدید برہم ہوگئے اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا کہ اسٹے آرڈر لانے والوں کو جوتے لگائیں، یہ لوگوں کا قتل کر رہے ہیں اور یہ حادثہ بھی قتل ہے۔ گراؤنڈ پلس ون کی اجازت پر چھ منزلیں سرکاری افسران کی ملی بھگت کے بغیر نہیں بن سکتیں۔ مالک ہو، کنسلٹنٹ ہو، ٹھیکے دار یا سرکاری افسر، اس بار کوئی نوکری پر بحال نہیں ہوگا بلکہ سب جیل جائیں گے۔”

کمشنر کراچی حسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 15 افراد لاپتا ہیں تاہم حتمی تعداد آپریشن مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایس بی سی اے کی جانب سے ماضی میں نوٹسز جاری کیے گئے تھے مگر عدالتی کارروائی (جوڈیشل پروسیڈنگز) کے باعث کارروائی رک گئی تھی۔ واقعے کے بعد ڈی سی ایسٹ نے علاقے میں 12 غیر قانونی عمارتوں کو سیل کر دیا ہے اور معاملے کی مکمل انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ایسٹ نے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، جبکہ زیرِ حراست ٹھیکے دار کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم اور چیئرمین آباد کا اظہارِ افسوس

وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کی اور زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ دریں اثنا، چیئرمین آباد محمد حنیف گوہر نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں عمارتوں کے منہدم ہونے کے پے در پے واقعات انتظامی نگرانی کے نظام پر سنگین سوالیہ نشان ہیں، انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے تعمیراتی معیار اور حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں