سرینگر/وادی کشمیر میں سردی کی شدت مسلسل برقرار ہے، جہاں سرینگر میں مسلسل دوسری رات بھی کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو رواں موسمِ سرما کی اب تک کی سرد ترین رات ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق وادی کے کئی دیگر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت میں معمولی بہتری درج کی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق جنوبی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں پارہ منفی 1.6 ڈگری تک پہنچ گیا۔
اسی طرح قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شمالی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں درجہ حرارت ایک ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شوپیاں وادی کے سرد ترین علاقوں میں شامل رہا۔
دوسری جانب جموں خطے میں جموں شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 10.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ کٹرا میں 9.8، بانہال میں 7.3، بٹوت میں 6.8 جبکہ بھدرواہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
وادی کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے رہنے کے باعث سردی کی شدت برقرار ہے، تاہم بعض مقامات پر شبانہ درجہ حرارت میں معمولی بہتری سے قدرے راحت محسوس کی گئی۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments