
سرینگر (ساؤتھ ایشین وائر):
جموں و کشمیر کے مقامی پنچایتی انتخابات میں آزاد کشمیر کی ایک شہری ، آصفہ تبسم میربھی حصہ لے رہی ہیں۔
نیوز ایجنسی ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق آزاد کشمیر کی رہائشی آصفہ تبسم میرکی شادی مقبوضہ کشمیر کے منظور احمد سے اس وقت ہوئی جب وہ 1989-1995 کے درمیان ایل او سی کے اس پار اکثر آتے تھے۔
مظفرآباد کے چناری علاقے میں شادی کے بعد منظور احمد اپنے گھر والوں سے ملوانے کے لئے آصفہ کو ہندوستان لانے کے خواہاں تھے۔ اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمیشن سے رجوع کرنے کے بعد ، وہ 2005 میں دوبارہ ہندوستان میں قانونی طور پر داخل ہوئے۔ اب وہ چھ بچوں کے والدین ہیں ۔
نیوز ایجنسی ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق آصفہ آرٹیکل 370 کو کالعدم قرار دینے کے بعد جموں و کشمیر میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے بلاک ڈویلپمنٹ کونسل (بی ڈی سی) انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔ وہ 24 اکتوبر کو بی ڈی سی کا انتخاب خواتین کے لئے مخصوص نشست پروان پیلن سے لڑ رہی ہیں۔ 41 سالہ آصفہ ، 2018 میں بھی پنچایت انتخابات میں منتخب ہوئیں تھیں۔