
صوبے بھر میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ انتہائی تشویشناک ہے، عمران اسماعیل
سندھ حکومت اس ضمن میں عملی اقدامات کرے، زخمی حسنین کی عیادت کے موقع پر گفتگو
کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں کتوں کے کاٹنے کے کیسز میں اضافہ انتہائی تشویشناک ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ سندھ حکومت اس ضمن میں عملی اقدامات کرے۔ کتوں کی افزائش نسل روکنے کیلئے صوبہ سندھ سمیت پورے ملک میں اقدامات کرنا ہوں گے۔ پچھلے ادوار میں کتا مارنے کی مہم چلی تھی مگر اب کتا مارنے کا معاملہ دو دھاری تلوار بن گیا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے این آئی سی ایچ میں داخل زخمی حسنین کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان سندھ کے عوام کیلئے بے حد فکر مند ہیں ان کی ہی ہدایت پر میں آج حسنین کو دیکھنے آیا ہوں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی کی ذمہ داری لگائی ہے کہ وہ کتوں کے کاٹنے سے زخمی ہونیوالے حسنین جس کا تعلق لاڑکانہ سے ہے کی علاج معالجہ میں ہر ممکن مدد کریں۔