سندھ کی زمین پر غیرقانونی طور پر بحریہ ٹاؤن کراچی میں شامل کیے جانے کے خلاف قوم پرست جماعتوں
کا احتجاج جلاؤ گھیراؤ میں تبدیل ہو گیا۔ قوم پرست جماعتوں نے بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کے
خلاف اتوار کو بحریہ ٹاؤن کراچی کے مین گیٹ پر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔
صبح سے ہی بڑی تعداد میں کراچی اور سندھ بھر سے قوم پرست رہنما، کارکن اور متاثرین بحریہ ٹاؤن کے مین
گیٹ پر جمع ہونا شروع ہو گئے تھے۔ اچانک دوپہر سے جلاؤ گھیراؤ شروع ہو گیا۔ نامعلوم افراد کی جانب
سے بحریہ ٹاؤن کے اندر عمارتوں میں لوٹ مار اور پھر آگ لگانے کے واقعات رونما ہونے لگے۔

اس طرح پرامن احتجاج منظم سازش کے تحت جلاؤ گھیراؤ میں تبدیل ہو گیا۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ پولیس
اور بحریہ ٹاؤن کی پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز بڑی تعداد میں صورت حال سے نمٹنے کے لیے موجود تھے۔ ان
کی موجودگی میں بڑے پیمانے پر جلاؤ گھیراؤ انہیں منظم سازش معلوم ہوتی ہے۔
ملک ریاض کی خلاف ہونے والا مظاہرہ اب الٹا متاثرین کے خلاف پرچہ کی صورت میں سامنے آگیا ہے۔ یہی
وجہ ہے کہ اب بحریہ ٹاؤن میں جلائی گئی عمارتوں کے مکینوں نے سڑک پر مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف احتجاج
کیا۔ سندھ حکومت سے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کر دیا۔ خبر فائل ہونے تک بحریہ ٹاؤن کے باہر
اندر آگ کے شعلے بلند ہو رہے تھے۔