اسلام آباد ہائیکورٹ میں سینیٹراعظم سواتی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ اعظم سواتی کی درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی ۔ بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ اعظم سواتی پر ایک ہی واقعہ کے پچاس مقدمات درج ہو چکے ہیں۔ اعظم سواتی کی اسلام آباد سے دوسری جگہ منتقلی روکی جائے،سیکرٹری داخلہ کو احکامات جاری کئے جائیں ۔ بابر اعوان نے کہا کہ زیادہ تر مقدمات سندھ اور بلوچستان میں درج کئے گئے۔ اعظم سواتی اسلام آباد میں جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔ آئی جیز پر سیکریٹری داخلہ کا کنٹرول ہوتا ہے ۔عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو سیکریٹری داخلہ سے ہدایات لینے کا حکم دیا اور استفسار کیا کہ کیسے سیکریٹری داخلہ کا کنٹرول صوبائی آئی جیز پر ہوتا ہے ؟ ۔چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ چیک کرکے بتائیں سیکریٹری داخلہ کا کنٹرول اس طرح ہے جس طرح بتایا جا رہا ہے ؟ ۔ کیس کی مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کردی گئی ۔