ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

حکومت کی آئی ایم ایف کو گیس مہنگی اور پٹرولیم لیوی بڑھانے کی یقین دہانی

اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے مابین ورچوئل مذاکرات میں حکومت نے پٹرولیم لیوی میں اضافے اور گیس مہنگی کرنے سمیت ٹیکس وصولیوں کا ٹارگٹ پورا کرنے کی یقین دہانے کرادی۔ دوسری جانب آئی ایم ایف نے پاکستان سے بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

آئی ایم ایف جائزہ مشن کے ساتھ ہونے والے ورچوئل اجلاس میں پاکستان کی قیادت سیکرٹری خزانہ حامد یعقوب اور دوسری جانب سے جائزہ مشن کے سربراہ جاتھن پورٹر نے کی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو سیلاب سے متعلقہ منصوبوں پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ ورچوئل مذاکرات میں اہم پیش رفت کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ اگلے اقتصادی جائزہ کی تکمیل اور پروگرام ٹریک پر لانے کے لیے فیزیکل مذاکرات کا شیڈول طے پانے کے امکانات ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ رواں ہفتے آئی ایم ایف سے شیڈول بارے اہم پیش رفت ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں آئی ایم ایف کو ملک کی موجودہ اقتصادی صورتحال اور اقتصادی اعشاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ علاوہ ازیں رواں مالی سال کے لیے مقرر کردہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کے لیے زیر غور ریونیو اقدامات اور  توانائی کے شعبے میں متوقع اہم فیصلوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد نے آئی ایم ایف حکام کو گیس کی قیمتوں میں جلد اضافے کے متوقع فیصلے سے بھی آگاہ کیا۔وفد نے بتایا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ یکم جولائی 2022ء سے ہوگا، گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری جلد ہی کابینہ دے گی، ساتھ ہی گیس کے شعبے کا گردشی قرضہ بھی ختم کیا جارہا ہے، پٹرولیم مصنوعات پر لیوی بھی مرحلہ وار بڑھائی جا رہی ہے۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا کہ پاکستان روپے کی قدر میں کمی کو مصنوعی طریقے سے نہ روکے، بجلی پر سبسڈی بھی ختم کی جائے، ٹیکس کا جی ڈی پی تناسب بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں، مختلف شعبوں کو دیے گئے استثنا بھی ختم کیے جائیں۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا وزارت خزانہ حکام سے رواں ہفتے بات چیت کا امکان ہے۔ وزارت خزانہ حکام آئی ایم ایف کو تمام اہداف پر اعتماد میں لیں گے۔  ورچوئل مذاکرات پر مطمئن ہونے سے آئی ایم ایف مشن کا شیڈول طے پانے کا امکان ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں