قومی ٹیم کو چھوٹی نہیں بلکہ بڑی سرجری کی ضرورت ہے: چیئرمین پی سی بی
بھارت کے خلاف بڑے میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم سے ایسی مایوس کن کارکردگی کی توقع نہیں رکھتی، لگتا تھا کہ کرکٹ ٹیم کا چھوٹی سرجری سے کام چل جائے گا لیکن بھارت کے خلاف انتہائی خراب کارکردگی کے بعد یقین ہوگیا ہے کہ ٹیم میں بڑی سرجری کی ضرورت ہے۔
پی سی بی سربراہ نے کہا کہ آج کی شکست ہر لحاظ سے مایوس کن تھی، اچھی طرح معلوم ہے کہ ٹیم میں کیا چل رہا تھا اور ہارنے کی وجوہات کیا ہیں،پاکستانی کرکٹ اس وقت اپنی سب سے کم درجہ کی پر فارمنس پر ہے،ہمیں بہتر کارکردگی دکھانی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو دنیا کی ایک بہترین ٹیم بنانا ہے، ہمارا سب سے بڑا چیلنج ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے، ہم نے چیمپئنز ٹرافی کے لئے ٹیم تیار کرنی ہے اور وقت آگیا کہ باہر بیٹھے نئے ٹیلنٹ کو بھی موقع دیا جائے، قوم جلد بڑی سرجری ہوتے ہوئے دیکھے گی۔