کھیل

چیمپئنز ٹرافی پر آئی سی سی اجلاس کل تک کیلیے ملتوی، پاکستان مؤقف پر قائم

دبئی: چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد اور میزبانی کے تنازع پر آئی سی سی کا اہم اجلاس کل تک کے لیے ملتوی کردیا گیا جب کہ پاکستان اپنے دوٹوک مؤقف پر ڈٹا ہوا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق میگا ایونٹ (چیمپئنز ٹرافی)مکمل پاکستان کی میزبانی میں ہوگا یا ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہوگا، اس حوالے سے  آئی سی سی بورڈ ڈائریکٹرز کے اہم اجلاس میں آج فریقین کی جانب سے تجاویز پیش کی گئیں، تاہم کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔ اہم اجلاس اب کل دوبارہ ہوگا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے بورڈز کا آج ہونے والا اجلاس مختصر وقت کے لیے رہا، جس میں فریقین نے اپنی اپنی تجاویز سامنے رکھیں۔ کل ہفتے کے روز ہونے والے اجلاس میں یہ تجاویز زیر غور آئیں گی۔

اجلاس میں محسن نقوی اور دیگر ممالک کے کرکٹ بورڈز کے سربراہان شریک ہوئے جب کہ کچھ نے وڈیو کال کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان کی جانب سے ایونٹ کی مکمل میزبانی پاکستان ہی میں  کرنے پر زور دیتے ہوئے ہائبرڈ ماڈل کی مخالفت کی گئی۔

آئی سی سی کی جانب سے بھی چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد اور میزبانی سے متعلق تجاویز پیش کی گئیں، جن پر کل ہفتے کے روز بحث کی جائے گی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کی کوشش ہے کہ فریقین کسی قابل قبول فارمولے پر راضی ہو جائیں جب کہ بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے پاکستان بھی اپنے دوٹوک مؤقف پر ڈٹا ہوا ہے۔پی سی بی کی جانب سے بھارت کے پاکستان آنے سے انکار اور ممکنہ نقصان کی تفصیل سے بھی کل اجلاس کو آگاہ کیا جائے گا۔

اجلاس میں ہائبرڈ ماڈل کی تجویز سامنے آنے پر پی سی بی کی جانب سے اپنا دو ٹوک مؤقف رکھا گیا۔ پاکستان کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کی مکمل میزبانی اور ملک ہی میں انعقاد کے حوالے سے شرکا کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button