ملک کا قانون کسی جماعت کو اسرائیل اور بھارت سے فنڈنگ کی اجازت نہیں دیتا: شرجیل میمن
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حمایت میں کبھی طالبان اور کبھی اسرائیل نے بیان دیے ،پی ٹی آئی میرا فیورٹ سبجیکٹ نہیں، ملک کا قانون کسی جماعت کو اسرائیل اور بھارت سے فنڈنگ کی اجازت نہیں دیتا۔
حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا پاکستان کے خلاف ہے، تحریک انصاف ہمیشہ سے جھوٹ بولتی آئی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پُرامن احتجاج حق ہے ،غلیل اور شاٹ گن لے کر کوئی مظاہرے میں جاتا ہے؟ 300 لوگ مرے ہیں تو ان کی لسٹیں کہاں ہیں۔ نہ تدفین ،نہ کوئی نام شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے قیام کا مقصد جمہوریت کو مضبوط کرنا تھا، سی پیک کو آصف علی زرداری صاحب نے شروع کیا، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جس نے پاکستان کے لیے کچھ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھٹو خاندان واحد خاندان ہے جسے پورا کا پورا شہید کیا گیا، آصف زرداری نے پارلیمنٹ کو مضبوط کیا۔
شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھا کہ حکومت تجارت اور سرمایہ کاروں کےاعتمادمیں اضافہ چاہتی ہے، ملک میں تجارت کے فروغ کی ضرورت ہے۔