خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کوہاٹ میں ہونے والے گرینڈ امن جرگے کا فیصلہ آج متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق تمام نکات پر بات چیت مکمل ہو چکی ہے اور آج اس اہم معاہدے پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ وہ کرم کے عوام کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کرم کے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جا رہا ہے، تاکہ علاقے میں امن قائم ہو اور عوام کی مشکلات کم ہو سکیں۔
خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں امن و امان کی صورتحال کی وجہ سے مقامی عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ پارا چنار پشاور مرکزی شاہراہ اور دیگر اہم راستے گزشتہ ڈھائی ماہ سے بند ہیں، جس کے باعث علاقے کی معیشت اور عوام کی روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے۔
