تل ابیب: غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کرنے کے باوجود اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے تکبرانہ لہجے اختیار کرتے ہوئےکہا ہےکہ اگر حماس نے ہفتے کے روز یرغمالیوں کو رہا نہ کیا تو جنگ بندی ختم ہو جائے گی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ ہوئے صرف تین ہفتے گزرے تھے کہ اسرائیل نے متعدد بار معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئےدوبارہ جنگ شروع کرنے کی دھمکی دے دی۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے کہاکہ ہفتے تک حماس نے مزید یرغمالی رہا نہیں کیے تو ہم تمام معاہدے ختم کرکے دوبارہ جنگ شروع کردیں گے۔
خیال رہےکہ اب تک غزہ میں جنگ بندی کا معاہدے کے تحت رہا کیے جانے والے 33 میں سے 16 یرغمالیوں کو حماس نے آزاد کر دیا ہےجبکہ تقریباً 2,000 فلسطینی قیدیوں کی فہرست میں سے 656 کو اسرائیل نے رہا کیا ہے۔
واضح رہےکہ حماس نے اسرائیل پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ ہفتے کے روز ہونے والی یرغمالیوں کی رہائی کو “تاحکمِ ثانی” ملتوی کر رہے ہیں۔
خیال رہےکہ اسرائیل نے معاہدے کے مطابق متعلقہ علاقوں میں امدادی سامان نہیں پہنچنے دیا ہے، نہ ہی بھاری مشینریوں کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دی ہے، اسرائیل ضروری ادویات اور اسپتالوں کے لیے سامان کی فراہمی میں رکاوٹ ڈال رہا ہے اور خیمے پہلے سے تیار شدہ گھر، ایندھن، یا ملبہ ہٹانے والی مشینیں غزہ میں جانے کی اجازت نہیں دے رہا۔
