اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بجلی کے بلوں پر ٹیکسز اور مختلف سرچارجز ختم کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کے بلوں پر جنرل سیلز ٹیکس، ایف سی سرچارج اور فکسڈ چارجز ختم کرنے کا امکان رکھتی ہے۔ اسی طرح فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر جی ایس ٹی اور ایکسائز ڈیوٹی کے خاتمے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کے بلوں سے انکم ٹیکس، فاضل ٹیکس اور ریٹیلر سیلز ٹیکس ختم کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ سیلاب نے پنجاب سمیت ملک کے کئی حصوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے جبکہ وسیع زرعی اراضی بھی متاثر ہوئی ہے۔
گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی حکومت سے زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے اور کسانوں کے بجلی کے بل معاف کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔