سیاحتی مقامات پرموسم سرما کی پہلی برفباری
خنجراب : مشہور سیاحتی مقام پر موسم سرما کی پہلی برفباری، شدید برفباری کے باعث ملک کے بلند ترین پہاڑی مقام نے سفید چادر اوڑھ لی۔
ملک کے چند پہاڑی علاقوں میں موسم سرما کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخواہ کے بلند پہاڑی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد موسم سرد ہو گیا۔
گلگت بلتستان میں پاک چین سرحدی علاقے خنجراب میں موسم سرما کی پہلی اور شدید برفباری ہوئی جس کے بعد علاقے نے سفید چادر اوڑھ لی۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے پہاڑوں پر بھی برفباری کے بعد شمالی علاقوں میں موسم سرما کے سیزن کا آغاز ہو گیا۔
کالام کے بلند پہاڑی علاقوں کے علاوہ ناران کے پہاڑوں پر بھی برفباری ہوئی۔ان علاقوں میں ہر سال ستمبر کے آخر سے موسم سرما کا آغاز ہو جاتا ہے۔دوسری جانب ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کو تیار ہے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا جس کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقو ں میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔