لاہور: پاکستان ریلوے نے ملک بھر میں ٹرینوں کے لیے نیا موسم سرما شیڈول جاری کر دیا ہے جو 16 اکتوبر سے نافذ العمل ہوگیا ہے۔
نئے شیڈول میں متعدد ٹرینوں کے روانگی کے اوقات، اسٹاپس اور بحال شدہ سروسز میں تبدیلیاں کی گئی ہیں تاکہ مسافروں کو موسمِ سرما میں بہتر سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
ریلوے حکام کے مطابق 16 ٹرینوں کے روانگی اوقات میں ردوبدل کیا گیا ہے جبکہ تین ٹرینوں کے مخصوص اسٹیشنوں پر اسٹاپ ختم کر دیے گئے ہیں۔ جبکہ چار معطل شدہ ٹرینیں دوبارہ بحال کر دی گئی ہیں اور اب باقاعدہ طور پر شیڈول میں شامل ہوں گی۔نئے شیڈول کے تحت علامہ اقبال ایکسپریس اب سیالکوٹ سے صبح 7 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوگی جو پہلے 7 بجے روانہ ہوا کرتی تھی۔
نارووال پسنجر کی روانگی کا وقت 7 بج کر 25 منٹ کر دیا گیا ہے جبکہ فیض احمد فیض پسنجر اب صبح 5 بجے روانہ ہوگی جو پہلے سے 30 منٹ پہلے ہے۔اسی طرح عوام ایکسپریس کراچی سے صبح 8 بجے روانہ ہوگی جبکہ اس کا سابقہ وقت 7 بج کر 30 منٹ تھا۔شالیمار ایکسپریس اب لاہور سے 7 بج کر 10 منٹ پر روانہ ہوگی جو کہ پہلے 7 بج کر 30منٹ پر روانہ ہوتی تھی۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق نو ٹرینوں کے عارضی اسٹاپس کو مستقل کر دیا گیا ہے، جن میں رحمن بابا ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، شالیمار ایکسپریس، جعفر ایکسپریس، پاک بزنس ایکسپریس، پاکپتن ایکسپریس، تیزگام اور ملت ایکسپریس شامل ہیں۔
پاکستان ریلوے نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ سفر سے قبل نیا شیڈول ضرور چیک کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔