اسلام آباد: پاکستان سے سفر کرنے والے لاکھوں مسافروں کے لیے خوشخبری، ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام متعارف کرادیا گیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے حکومتِ پاکستان کی ہدایات اور اسٹیٹ بینک کے تعاون سے ہوائی اڈوں پر لین دین کے جدید ڈیجیٹل نظام کے نفاذ کا عمل شروع کردیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مسافروں کو سہولت، شفافیت اور تیز تر مالی خدمات فراہم کرنا ہے۔
پی اے اے کے مطابق ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر موجود تجارتی مراکز، ریسٹورنٹس اور سروس فراہم کرنے والے اداروں کو ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کو اپنانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
نئے نظام کے تحت مسافر اپنی سہولت کے مطابق ڈیجیٹل یا نقد ادائیگی کر سکیں گے، تاہم اتھارٹی نے شہریوں کو جدید ڈیجیٹل ذرائع استعمال کرنے کی ترغیب دی ہے تاکہ لین دین کے عمل میں شفافیت اور آسانی کو فروغ دیا جا سکے۔
یہ اقدام پاکستان کے مالیاتی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور کیش لیس اکانومی کے فروغ کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔