کراچی: جماعت اسلامی کی جانب سے میئر مرتضیٰ وہاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر
کراچی میں جماعت اسلامی نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے خلاف توہین عدالت کی فوری سماعت کے لیے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے معاہدوں کو غیرقانونی قرار دیا تھا، تاہم میئر کراچی نے عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پارکوں میں کمرشل سرگرمیاں جاری رکھی ہیں۔
درخواست گزار نے مزید کہا کہ میئر کراچی نے رفاہی پلاٹوں کو بھی عدالتی حکم کے مطابق واگزار نہیں کرایا، جس کے نتیجے میں عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے کی وجہ سے وہ توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔
جماعت اسلامی کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ میئر کراچی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جلد سماعت عمل میں لائی جائے۔