ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

انڈونیشیا: نرسنگ ہوم میں آتشزدگی، 16 افراد جاں بحق

انڈونیشیا کے شہر منادو میں ایک نرسنگ ہوم میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد ہلاک ہو گئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈونیشیا کے شمالی صوبے سولاویسی کے دارالحکومت منادو میں واقع ایک نرسنگ ہوم میں لگنے والی ہولناک آگ نے پورے علاقے کو سوگ میں مبتلا کر دیا، جہاں حادثے کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

مقامی حکام کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ اتوار کی شام پیش آیا، جس کے بعد امدادی اداروں نے فوری طور پر کارروائیاں شروع کیں تاہم متعدد جانیں نہ بچائی جا سکیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق آگ منادو کے رانوموت سب ڈسٹرکٹ کے پال دوا علاقے میں قائم پانتی وردھا دمائی نرسنگ ہوم میں لگی، جہاں زیادہ تر معمر افراد مقیم تھے۔

آگ کی شدت کے باعث عمارت کے مختلف حصے لپیٹ میں آ گئے، جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں۔ حادثے کے فوراً بعد جاں بحق افراد کی لاشیں قریبی اسپتال منتقل کر دی گئیں، جب کہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق واقعے کے بعد پولیس کی فرانزک ٹیموں نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کیا جا رہا ہے اور عینی شاہدین کے بیانات بھی قلم بند کیے جا رہے ہیں، تاکہ آگ لگنے کی ابتدائی وجہ، حفاظتی انتظامات کی صورتحال اور حادثے کے دوران پیش آنے والے واقعات کی مکمل ترتیب سامنے لائی جا سکے۔

واضح رہے کہ انڈونیشیا میں آتشزدگی کے واقعات تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں، اسی ماہ کے آغاز میں دارالحکومت جکارتہ میں ایک رہائشی مکان میں آگ لگنے سے کم از کم 5 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

تازہ واقعے کے بعد ایک بار پھر ملک میں نرسنگ ہومز اور رہائشی عمارتوں میں حفاظتی اقدامات پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں