ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

لکی مروت: بس دھماکے میں ملوث آئی ای ڈی نصب کرنے والا دہشتگرد پولیس مقابلے میں ہلاک

لکی مروت میں فیکٹری ملازمین کو لے جانے والی بس پر آئی ای ڈی حملے کے بعد پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملے میں ملوث دہشت گرد کو مقابلے میں ہلاک کر دیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن شروع کیا گیا، جس کی قیادت ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے خود موقع پر موجود رہ کر کی۔

رپورٹ کے مطابق سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان ہونے والے مقابلے کے دوران بس پر بارودی مواد نصب کرنے والا مرکزی ملزم مارا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کے قبضے سے شواہد بھی برآمد کیے گئے ہیں، جن کی مدد سے نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ لکی مروت کے علاقے بیگوخیل روڈ پر ناورخیل موڑ کے قریب دھماکا ہوا تھا، جہاں لکی سیمنٹ فیکٹری کی بس کو آئی ای ڈی دھماکے سے نشانہ بنایا گیا، دھماکا اس گاڑی پر کیا گیا جو گاؤں بیگوخیل سے فیکٹری کی جانب جا رہی تھی، جس کے نتیجے میں بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی تھی۔

دھماکے کے نتیجے میں لکی سیمنٹ فیکٹری کا ایک ملازم جاں بحق جبکہ کم از کم 8 افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں فیکٹری کے 4 ملازمین شامل بتائے جا رہے ہیں، جبکہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں بعض افراد کو انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں