ڈنمارک کی وزیراعظم میٹ فریڈیرکسن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گرین لینڈ پر قبضے سے متعلق دھمکیاں دینا بند کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو نہ گرین لینڈ اور نہ ہی ڈنمارک کی کسی بھی ریاست کو ضم کرنے کا کوئی حق حاصل ہے، اور کسی قریبی اتحادی کے خلاف اس نوعیت کے بیانات اور دھمکیاں ناقابل قبول ہیں۔
میٹ فریڈیرکسن نے واضح طور پر کہا کہ گرین لینڈ اور وہاں کے عوام فروخت کے لیے نہیں ہیں اور ان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے زور دیا کہ ڈنمارک اپنی سرزمین اور اتحادیوں کے احترام کو اولین ترجیح دیتا ہے۔
واضح رہے کہ ڈنمارک کی وزیراعظم کا یہ بیان وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی اور صدر ٹرمپ کے اقتدار کی منتقلی تک وینزویلا کے معاملات خود سنبھالنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا کو گرین لینڈ کی ضرورت دفاعی مقاصد کے لیے ہے، نہ کہ صرف معدنی وسائل کے حصول کے لیے۔