سندھ حکومت نے صوبے میں ریلوے منصوبوں کے لیے 6 ارب 60 کروڑ روپے فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
اس حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں سندھ میں 858 کلو میٹر طویل ریلوے نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مجموعی طور پر 63 ارب 26 کروڑ روپے کی لاگت سے ریلوے انفرا اسٹرکچر کی بحالی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے سندھ کے عوام کے لیے جدید ریلوے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں اور صوبائی حکومت چھ نئی جدید ٹرینیں خریدنے پر بھی غور کر رہی ہے۔ ان منصوبوں سے صوبے کی تقریباً 67 فیصد آبادی کو فائدہ پہنچے گا۔
اجلاس میں کوٹری تا دادو، دادو تا لاڑکانہ، حیدرآباد تا میرپورخاص، روہڑی تا جیکب آباد، حیدرآباد تا بدین سمیت چھ اہم ریلوے روٹس کی بحالی پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بتایا کہ روہڑی اسٹیشن کی عالمی معیار کے مطابق تزئین و آرائش کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ وزارت ریلوے چھ جدید ٹرینوں سے متعلق تمام تفصیلات سندھ حکومت کو فراہم کرے گی۔