اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اس سال بھی رمضان پیکج کی امدادی رقوم کی تقسیم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مستحق افراد تک امداد شفاف طریقے سے پہنچ سکے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت رمضان پیکج پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں پیکج کو مزید بہتر بنانے کے لیے سفارشات طلب کی گئیں، شہباز شریف نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز میں بدعنوانی کی وجہ سے مستحق افراد اپنے حق سے محروم تھے، اس لیے حکومت نے گزشتہ سال کم نرخوں پر کھانے پینے کی اشیا کی فراہمی کے لیے شفاف نظام ترتیب دیا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ گزشتہ سال 40 لاکھ خاندانوں میں فی خاندان 5 ہزار روپے کے حساب سے 20 ارب روپے ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے تقسیم کیے گئے تھے۔
دوسری جانب، وزیراعظم نے ایک اور اجلاس میں جواہرات و قیمتی پتھروں کے شعبے کی اصلاحات کے لیے قومی پالیسی فریم ورک کی بھی منظوری دے دی۔