لندن: برطانیہ میں شدید سردی، برف باری اور یخ بستہ ہواؤں کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں یلو وارننگ جاری کر دی ہے، جس کا مطلب ہے کہ موسم خراب ہو سکتا ہے اور عوام کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خراب موسمی حالات کے باعث ہزاروں افراد تاحال بجلی سے محروم ہیں جبکہ روزمرہ معمولات متاثر ہو رہے ہیں۔ اسکاٹ لینڈ اور شمالی انگلینڈ میں بھی آج کے لیے یلو وارننگ برقرار رکھی گئی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ملک کی 12 کاؤنٹیز میں 11 انچ تک برف باری کا امکان ہے، جس کے باعث سڑکوں پر پھسلن، ٹریفک میں خلل اور سفری مشکلات کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 15 جنوری کو پورے برطانیہ میں موسمِ سرما کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے جبکہ سب سے زیادہ برف باری وسطی اور شمالی اسکاٹ لینڈ میں ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، محتاط ڈرائیونگ اور کمزور و بزرگ افراد کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔