اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے ملاقات کی جس میں پاک چین تعلقات کے مختلف پہلوؤں کے ساتھ ساتھ اہم علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے چین کو پاکستان کا قریبی، قابلِ اعتماد اور ہر مشکل گھڑی میں ساتھ دینے والا دوست قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی سدا بہار دوستی پر فخر ہے، جو باہمی اعتماد اور احترام کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔
اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور چین نہ صرف قریبی دوست بلکہ اسٹریٹجک شراکت دار بھی ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں جاری تعاون قابلِ تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک چین دفاعی تعاون خطے میں امن و استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے سابقہ دورِ اسپیکر شپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صدر شی جن پنگ کا پاکستان کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب ایک تاریخی لمحہ تھا، جو دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کی علامت ہے۔
چینی سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے ایاز صادق کے خیالات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ مضبوط دوستی کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر اسپیکر سردار ایاز صادق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی جا رہی ہے اور مستقبل میں بھی یہ تعلقات مزید وسعت اختیار کریں گے۔