کوہاٹ: خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کے نواحی علاقے قمر کلے میں پہاڑی تودہ گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق طویل اور دشوار آپریشن کے بعد ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکال لیا گیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والے شخص کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق پہاڑی تودے کے نیچے دبنے سے 7 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق افراد کی تعداد سامنے آنے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے، جبکہ اہلِ علاقہ غم و اندوہ میں مبتلا ہیں۔