پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کو فلسطین سے متعلق مجوزہ بورڈ میں شمولیت کی دعوت ایک بڑی کامیابی ہے۔
امریکی صدر نے غزہ کے لیے قائم کیے جانے والے بورڈ آف پیس میں شرکت کے لیے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو مدعو کیا ہے۔ اس پیش رفت پر ردعمل دیتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ یہ دعوت پاکستان کے عالمی وقار اور اس کے مؤثر کردار کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اہم سفارتی کامیابی فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں اور جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جس انداز میں اہلِ فلسطین کی نمائندگی اور ترجمانی کی، وہ قابلِ فخر ہے۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے مزید کہا کہ وزیراعظم کو چاہیے کہ وہ اس دعوت کو قبول کریں تاکہ پاکستان فلسطینی عوام کے لیے اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کر سکے۔