کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
تر جمان سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 5 کلاشنکوف، 7 دستی بم اور 3 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔ دہشت گردوں کی لاشیں شناخت کے لیے سول اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد کوئٹہ-سبی شاہراہ کو بلاک کر کے سیکورٹی فورسز اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے، جس کے پیش نظر ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے سی ٹی ڈی کی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ریاست پوری قوت کے ساتھ امن و امان کے قیام کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن تک انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔