اسلام آباد : قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رکن عبدالقادر پٹیل نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو کراچی کی صورتحال اور ماضی کی حکمرانی کا ذمے دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ہر دور میں پیپلز پارٹی کے ساتھ حکومت کا حصہ رہی ہے، اس لیے اگر ذمے داری پیپلز پارٹی پر عائد ہوتی ہے تو ایم کیو ایم بھی اس سے بری الذمہ نہیں ہو سکتی۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ گل پلازہ کی صرف ایک منزل کی منظوری دی گئی تھی، تاہم بعد میں اسے جبراً مزید تعمیر کیا گیا۔ ان کا الزام تھا کہ یہ توسیع بانی ایم کیو ایم کے گارڈ کے ذریعے کرائی گئی، جس سے عمارت کو خطرناک شکل دی گئی۔
انہوں نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے بیانات پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایک روز ارشد وہرہ فائر بریگیڈ کی کارکردگی کو سراہتے ہیں اور اگلے ہی دن امین الحق تنقید کرتے ہیں، جس سے یہ واضح نہیں ہو پاتا کہ پارٹی کا مؤقف کیا ہے۔
عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے 35 برس تک کراچی پر اثر و رسوخ رکھا اور شہر کی موجودہ حالت اسی طویل دورِ سیاست کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گل پلازہ کا ذکر کیا جائے تو بلدیہ ٹاؤن جیسے واقعات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم آج بھی بانی ایم کیو ایم کے سیاسی نظریات پر کاربند ہے اور نفرت پر مبنی سیاست سے مکمل لاتعلقی اختیار نہیں کی گئی۔ عبدالقادر پٹیل کے مطابق صوبائی حکومت پر تنقید کرنے والے خود بھی ماضی میں صوبائی حکومت کا حصہ رہ چکے ہیں۔
عبدالقادر پٹیل نے مزید کہا کہ کراچی کے مسائل پر بات کرنے سے پہلے شہر کی سیاسی اور انتظامی تاریخ کو سمجھنا ضروری ہے۔