کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ این آئی سی وی ڈی میں امراض قلب کے مفت علاج میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت این آئی سی وی ڈی کی 84 ویں گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر نے ادارے کو درپیش مالی خسارے اور آپریشنل صورتحال پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ این آئی سی وی ڈی کو مجموعی طور پر 4.6 ارب روپے کا خسارہ درپیش ہے۔
مراد علی شاہ نے اس موقع پر قومی ادارہ امراض قلب کی قانونی حیثیت بحال کرنے کا فیصلہ کیا اور اسپتال کے مستقبل اور خدمات کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے۔ اسپتال کے آپریشنل امور کے لیے 15.5 ارب روپے کی گرانٹ اِن ایڈ کی منظوری دی گئی جبکہ چیف آپریٹنگ آفیسر اور چیف فنانشل آفیسر کی فوری تقرری بھی منظور کی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کو مالی سال 26-2025 میں 3.5 ارب روپے اضافی گرانٹ کی ضرورت ہے، اور قانونی ابہام دور کر کے ادارے کو بلا رکاوٹ عوامی خدمت کے قابل بنایا جائے گا۔