ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

دہشتگردی کیخلاف ادارے ایک پیج پر ہیں، وزیراعلیٰ پختونخوا

پشاور:وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے، جس کے لیے صوبائی حکومت، سول انتظامیہ، پاک فوج اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ ایک پیج پر ہیں اور مل کر اس ناسور کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔

پریس سیکریٹری برائے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزرا، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکریٹری، انسپکٹر جنرل پولیس کے علاوہ اعلیٰ سول، فوجی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے آغاز میں مختلف دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق ہونے والے عام شہریوں، سکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

اجلاس میں مجموعی طور پر صوبہ خیبر پختونخوا میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات، فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے اور صوبے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے جامع لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس نے اس امر پر اتفاق کیا کہ دہشت گردی کے خلاف پالیسی کی کامیابی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں، عوامی نمائندوں، معززین اور وفاقی حکومت کے ساتھ مشاورت، تعاون اور عملی ہم آہنگی ناگزیر ہے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ صوبائی حکومت اپنے تمام وسائل بشمول فوج، پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر اداروں کو بروئے کار لاتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ یہ طویل المدتی حکمت عملی دہشت گردی کے محرکات کی نشاندہی، ان کے خاتمے اور عوامی اعتماد کی بحالی کو یقینی بنائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا کا ایجنڈا بہتر طرزِ حکمرانی اور عوامی مفاد کے ذریعے قوم کو دہشت گردی کے خلاف یکجا کرنا ہے۔ پہلے مرحلے میں دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کو ماڈل گڈ گورننس اضلاع میں تبدیل کیا جائے گا، جہاں سیکیورٹی، صحت، تعلیم، روزگار، بنیادی سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے خصوصی پیکج دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن علاقوں سے عارضی نقل مکانی ہوئی ہے، متاثرہ افراد کی بحالی، دیکھ بھال اور باعزت واپسی حکومت کی اولین ترجیح ہے، امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور یہ جنگ مشترکہ کوششوں سے ہی جیتی جا سکتی ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں