چارسدہ: خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ نئے احتجاج کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور اس مقصد کے لیے کنٹینر تیار ہے جو کسی بھی وقت ملک کے کسی بھی شہر کی جانب روانہ کیا جا سکتا ہے۔
چارسدہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی وزیراعظم سے ملاقات وزیراعظم کی خواہش پر ہوئی تھی اور اس ملاقات میں کسی قسم کی سیاسی گفتگو نہیں کی گئی، وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو صوبے میں دہشت گردی کی موجودہ صورتحال اور زمینی حقائق سے تفصیل سے آگاہ کیا۔
ان کے مطابق ملاقات کے دوران وفاق کے ذمے خیبر پختونخوا کے بقایاجات کی ادائیگی کا مطالبہ بھی کیا گیا تاکہ صوبے کو درپیش مالی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
شفیع جان نے کہا کہ گزشتہ روز کور کمانڈر اور وفاقی وزیر داخلہ کی موجودگی میں ہونے والی ملاقات میں بھی وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے مسئلے کو بھرپور انداز میں اٹھایا اور صوبے کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے حوالے سے پارٹی قیادت کو شدید تشویش لاحق ہے،احتجاج کے لیے تیار کیا گیا کنٹینر کسی بھی وقت کسی بھی شہر کی طرف موڑ دیا جائے گا، جس کا مقصد پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل کے تحت عوامی ردعمل کو منظم کرنا ہے۔