کراچی: سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جنہوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے شہر جیکب آباد، قمبر شہدادکوٹ، سکھر، دادو، میہڑ اور ان کے گردونواح میں شہریوں نے شدید جھٹکے محسوس کیے جبکہ بلوچستان کے جھل مگسی، جعفرآباد، سبی، کچھی، نصیرآباد، گنداوہ اور خضدار میں بھی زلزلے کے اثرات ریکارڈ کیے گئے۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کے مطابق زلزلے کے جھٹکے صبح 11 بج کر 30 منٹ پر ریکارڈ کیے گئے اور شدت ریکٹر اسکیل پر 5.6 رہی، زلزلے کی گہرائی تقریباً 13 کلومیٹر تھی اور اس کا مرکز خضدار سے تقریباً 86 کلومیٹر جنوب مشرق کی جانب واقع تھا۔
شہریوں کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ایک سے زیادہ مرتبہ محسوس کیے گئے، زلزلے کے جھٹکوں کا دورانیہ دس سے پندرہ سیکنڈز تک تھا۔
زلزلہ پیمامرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کے اچانک جھٹکوں کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری گھروں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔
رپورٹ کے مطابق زلزلے سے تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم مقامی انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لیں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔
ریسکیو اداروں کا کہنا ہے کہ صورتِ حال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور اب تک کسی ایمرجنسی کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری گھبراہٹ میں مبتلا نہ ہوں، افواہوں سے گریز کریں اور آفیشل ذرائع سے فراہم کی جانے والی معلومات پر ہی انحصار کریں، زلزلے کے بعد ہنگامی احتیاطی تدابیر اختیا کریں۔
یاد رہے کہ اس سے قیل بھی خضدار میں 10 بج کر 52 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔