ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

اپوزیشن احتجاج ناکام ہو چکا، بانی پی ٹی آئی کی رپورٹس تسلی بخش ہیں: طلال چوہدری

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق رپورٹس تسلی بخش ہیں اور اپوزیشن نہیں چاہتی کہ ان کی میڈیکل رپورٹ اچھی آئے۔

 پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ احتجاج کرنے والوں کو مختلف اقسام کے کھانے فراہم کیے جا رہے ہیں اور اگر اپوزیشن رہنما علامہ راجہ ناصر عباس اس کی تردید کریں تو حکومت کے پاس شواہد موجود ہیں۔

وزیر مملکت نے الزام عائد کیا کہ دھرنے میں ایسے افراد بھی شامل کیے گئے جو پارلیمنٹیرین نہیں تھے جبکہ بعض مسلح افراد کو پارلیمنٹ لاجز تک پہنچایا گیا جہاں ارکانِ پارلیمنٹ کے اہلِ خانہ موجود تھے،اس قسم کے اقدامات سے پارلیمنٹ کے تقدس کو نقصان پہنچا اور سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعے کے بعد اسلام آباد میں نئی سیکیورٹی ہدایات اور ایس او پیز جاری کیے گئے ہیں کیونکہ ملک کو ایسے عناصر کا سامنا ہے جو عبادت گاہوں تک کو نشانہ بنانے سے گریز نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست شہریوں اور حساس مقامات کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس ممکنہ طور پر سپریم کورٹ آف پاکستان کو ارسال کی جا چکی ہیں۔ ان کے بقول عمران خان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا اور نتائج اطمینان بخش ہیں، یہاں تک کہ ان کی بینائی بھی بہتر حالت میں ہے اور وہ پڑھنے اور دیکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ اپوزیشن کا احتجاج عملی طور پر ناکام ہو چکا ہے کیونکہ عوامی حمایت انہیں حاصل نہیں ہو سکی، اپوزیشن نے مختلف سیاسی تبدیلیاں کر کے دیکھ لیں لیکن کوئی خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن جماعتیں سیاسی فائدے کے لیے صورتحال کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہی ہیں جبکہ حکومت قانون اور آئین کے مطابق معاملات کو آگے بڑھا رہی ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں