اسلام آباد: وفاقی حکومت نے رمضان المبارک میں سحر اور افطار کے اوقات میں بلاتعطل بجلی فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔
پاور ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر نے تمام ڈسکوز کو بجلی صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے تمام ڈسکوز کے سی ای اوز کو کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
اعلامیے کے مطابق ہائی لاسز والے علاقوں میں کو انسداد بجلی چوری مہم کے مطابق ڈیل کیا جائے گا، اس فیصلے کا مقصد بقایاجات اور نقصانات میں اضافے کو روکنا ہے۔ زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بھی سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رمضان میں زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کو سحر افطار کے اوقات میں ایڈجسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ڈسکوز کو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے