ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

رمضان میں گیس فراہمی کا نیا شیڈول جاری، صارفین کو ساڑھے 19 گھنٹے بلا تعطل سپلائی ملے گی

کراچی: ملک بھر میں رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر سوئی سدرن گیس کمپنی نے گیس فراہمی کا خصوصی شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے تحت صارفین کو روزانہ طویل دورانیے تک گیس دستیاب رہے گی تاکہ سحر و افطار کے اوقات میں گھریلو ضروریات متاثر نہ ہوں۔

کمپنی ترجمان کے مطابق نئے شیڈول کے تحت رمضان کے دوران صارفین کو روزانہ تقریباً ساڑھے 19 گھنٹے بلا تعطل گیس فراہم کی جائے گی، گیس کی سپلائی رات 3 بجے سے شروع ہو کر اگلی رات 10 بج کر 30 منٹ تک جاری رہے گی جبکہ باقی تقریباً ساڑھے 4 گھنٹے گیس بند رکھی جائے گی۔

حُکام کا کہنا ہے کہ یہ وقفہ ایسے اوقات میں رکھا گیا ہے جب گھریلو استعمال نسبتاً کم ہوتا ہے تاکہ اہم اوقات میں زیادہ سے زیادہ سہولت دی جا سکے۔

ترجمان نے وضاحت کی کہ یہ خصوصی انتظام صرف رمضان المبارک کے لیے کیا گیا ہے اور اس کا مقصد صارفین کو کھانا پکانے اور دیگر گھریلو کاموں میں درپیش مشکلات کم کرنا ہے، کمپنی نے اپنے نظام میں تکنیکی بہتری اور دباؤ کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے اضافی اقدامات بھی کیے ہیں تاکہ سپلائی شیڈول پر مکمل عمل درآمد ممکن بنایا جا سکے۔

گیس حکام کے مطابق صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گیس کا استعمال احتیاط اور ضرورت کے مطابق کریں تاکہ نظام پر غیر ضروری دباؤ نہ پڑے اور تمام علاقوں میں یکساں فراہمی برقرار رکھی جا سکے، رمضان میں گیس کی طلب عام دنوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر بڑھ جاتی ہے، اسی لیے لوڈ مینجمنٹ کے خصوصی شیڈول تیار کیے جاتے ہیں۔

دوسری جانب شہری حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اعلان کردہ شیڈول پر مکمل عمل ہوگا اور ماضی کی طرح غیر اعلانیہ بندشوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ صارفین نے مطالبہ کیا کہ اگر کسی علاقے میں تکنیکی خرابی یا ہنگامی صورتحال کے باعث سپلائی متاثر ہو تو کمپنی بروقت اطلاع فراہم کرے تاکہ عوام متبادل انتظام کر سکیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں