ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

آئی ایم ایف کا پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار، مہنگائی میں کمی کی تصدیق

عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کی حالیہ معاشی کارکردگی کو مثبت قرار دیتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں معیشت میں استحکام آیا ہے۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن جولی کوزیک نے بتایا کہ فنڈ کا وفد رواں ماہ (25 فروری) سے پاکستان کا دورہ کرے گا جہاں توسیعی فنڈ سہولت کے تحت تیسرے جائزے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی کے دوسرے جائزے پر بات چیت ہوگی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ای ایف ایف پروگرام کے تحت اختیار کی گئی اصلاحات سے مالی نظم و ضبط بہتر ہوا ہے اور مالی سال 2025 میں پاکستان نے جی ڈی پی کے 1.3 فیصد کے برابر بنیادی مالیاتی سرپلس حاصل کیا، جو طے شدہ اہداف کے مطابق ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک کو گزشتہ برسوں میں شدید معاشی دباؤ اور بیرونی ادائیگیوں کے بحران کا سامنا رہا۔

آئی ایم ایف کے مطابق مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے جس سے عام شہریوں پر دباؤ نسبتاً کم ہوا۔

مزید برآں پاکستان نے 14 برس بعد پہلی بار کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ریکارڈ کیا، جو بیرونی شعبے میں بہتری کی علامت ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ درآمدات میں اعتدال، برآمدات میں اضافہ اور ترسیلات زر کے مستحکم بہاؤ نے اس بہتری میں اہم کردار ادا کیا۔

آنے والے جائزے میں ٹیکس اصلاحات، توانائی شعبے کی بہتری اور سرکاری اداروں کی کارکردگی جیسے امور زیر بحث آئیں گے۔ حکومتی حلقے اس پیش رفت کو اعتماد کی بحالی قرار دے رہے ہیں جبکہ کاروباری برادری اسے سرمایہ کاری کے لیے مثبت اشارہ سمجھ رہی ہے۔

اگر مذاکرات کامیاب رہے تو پاکستان کو آئندہ قسط کے اجرا کی راہ ہموار ہو سکتی ہے، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر مزید مستحکم ہوں گے اور معاشی بحالی کا عمل تقویت پائے گا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں