تہران:یونائیٹڈ سٹوڈنٹس ٹیلی گرام چینل کا کہنا ہے کہ طلبا نے تہران کی بہشتی یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سائیکالوجی اینڈ ایجوکیشنل سائنسز میں دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔
بی بی سی کے مطابق طلبا جنوری میں مارے جانے والوں اور گرفتار طلبا کی یاد میں دھرنا دے رہے ہیں۔
اس دھرنے کے دوران طلبا نے یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ہادی فرو کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔یونائیٹڈ سٹوڈنٹس ٹیلی گرام چینل نے یہ بھی لکھا کہ طلبا نے یونیورسٹی کے حکام سے کہا کہ وہ اس یونیورسٹی کے دو طالب علموں کی رہائی کے لیے آگے بڑھیں جو ابھی تک زیر حراست ہیں۔
تہران سے موصولہ اطلاعات کے مطابق تہران کی امیرکبیر یونیورسٹی میں ایک ریلی نکالی گئی ہے۔امیرکبیر نیوز لیٹر نے خبر دی ہے کہ تہران میں شریف یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے کیمپس میں آج سہ پہر کا طلبا کا اجتماع پرتشدد ہو گیا۔
جھڑپ کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہیں۔آج شریف یونیورسٹی کے طلبا نے 11 جنوری کے قتل عام کی 40 ویں برسی کی یاد میں ایک تقریب کا مطالبہ کیا۔
احتجاج کرنے والے طلبا یونیورسٹی کیمپس میں جمع ہو گئے اور نعرے بازی کی جس پر دونوں گروپوں میں تصادم ہوا۔یونائیٹڈ اسٹوڈنٹس ٹیلی گرام چینل کے مطابق مشہد یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے طلبا نے آج یونیورسٹی کیمپس میں احتجاجی ریلی نکالی۔
رپورٹ کے مطابق طلبہ نے ’آزادی، آزادی‘ اور ’طلبا، اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرو‘ جیسے نعرے لگائے۔