باندہ: بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع باندہ کی خصوصی پوکسو عدالت نے چترکوٹ کے محکمہ آبپاشی کے ایک معطل جونیئر انجینئر اور اس کی بیوی کو نابالغ بچوں کے جنسی استحصال اور فحش مواد (پورنوگرافی) کے معاملے میں سزائے موت سنائی ہے۔
سرکاری وکیل سوربھ کمار سنگھ نے بتایا کہ خصوصی پوکسو عدالت نے چائلڈ پورنوگرافی کیس کے ملزم رام بھون اور ان کی بیوی درگاوتی کو سزائے موت سنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی دہلی نے 31 اکتوبر 2020 کو ایف آئی آر درج کی تھی۔
الزام تھا کہ ایک شخص رام بھون اور اس کی بیوی درگاوتی چترکوٹ میں کرائے کے کمرے میں رہتے تھے۔
الزام تھا کہ انھوں نے تین سے 18 سال کے درمیان والی عمر کے تقریباً 33 سے 34 بچوں کے جنسی استحصال کی ویڈیوز 47 ممالک کو بھیجیں ۔ سی بی آئی کی تحقیقات میں دو لاکھ سے زیادہ ویڈیوز کا ریکارڈملا۔
انہوں نے کہا کہ رام بھون 10 سال سے ان جرائم کا ارتکاب کر رہا تھا۔ سی بی آئی نے کیس کی تحقیقات کی اور خود کیس میں استغاثہ رہی۔ جس کے نتیجے میں عدالت نے مجرم شوہر اور بیوی کو پوکسو ایکٹ کے تحت موت کی سزا سنائی۔
سی بی آئی نے اسپیشل پراسیکوٹر دھرا سنگھ کی طرف سے مقدمہ چلایا۔ انہوں نے بتایا کہ مجرموں کو متاثرہ 34 بچوں کو 10 لاکھ روپے ادا کرنے ہوں گے۔ رام بھون کے گھر سے 8 لاکھ روپے سے زیادہ برآمد ہوئے اور یہ رقم متاثرہ بچوں کو بھی دی جائے گی۔
اس معاملے کی تحقیقات کے دوران سی بی آئی کو 47 ممالک میں مختلف ویب سائٹس پر دو لاکھ ویڈیوز اور تصاویر ملیں۔
ان کو مجرم رام بھون نے اپ لوڈ کیا تھا جسے عدالت میں بطور ثبوت پیش کیا گیا۔ 34 کمسن بچوں کے بیانات بھی قلمبند کیے گئے۔
سی بی آئی کی تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزم جوڑے نے چترکوٹ میں ایک مکان کرائے پر لیا تھا۔ انہوں نے سائٹس پر فحش مواد اپ لوڈ کرنے کے لیے ڈارک ویب کا استعمال کیا۔
پورا معاملہ 2020 کا ہے، سی بی آئی نے رام بھون کو گرفتار کیا، ثبوت جمع کرنے کے دوران، سی بی آئی کو رام بھون کی بیوی درگاوتی کے ملوث ہونے کا بھی پتہ چلا۔ اس کے بعد درگاوتی کو بھی گرفتار کر لیا گیا اور دونوں کو باندہ جیل میں بند کر دیا گیا۔