ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پنجاب کے 17 اضلاع میں مفت پبلک ٹرانسپورٹ شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے ایسے 17 اضلاع میں جہاں پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت موجود نہیں، مفت ٹرانسپورٹ سروس شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں گوجرانوالہ، ملتان اور سیالکوٹ میں فری ٹرانسپورٹ پائلٹ منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں صوبے میں ٹرانسپورٹ کرایوں پر تیل کی قیمتوں کے اثرات سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی جبکہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں آٹے کی قیمت سندھ کے مقابلے میں چار سو ستائیس روپے، خیبرپختونخوا کے مقابلے میں آٹھ سو تئیس روپے اور بلوچستان کے مقابلے میں سات سو نوے روپے کم ہے۔ اسی طرح دالوں، پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں بھی دیگر صوبوں کے مقابلے میں نسبتاً کم ہیں۔

مریم نواز نے پنجاب ریگولیٹری اتھارٹی کو ہدایت دی کہ صوبے بھر میں ایل پی جی کے نرخوں کو ریگولیٹ کرنے اور فی کلومیٹر ٹرانسپورٹ کرایوں کا تعین کرنے کے لیے چوبیس گھنٹوں میں رپورٹ پیش کی جائے۔

اجلاس میں شجر کاری مہم، کتے کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام، زیبرا کراسنگ، اسٹریٹ لائٹس اور گرین بیلٹس کی بہتری پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اوپن ڈرینج میں پیش آنے والے حادثات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر محفوظ جوہڑ یا نکاسی آب کے ناقص انتظام کو ضلعی انتظامیہ کی ناکامی تصور کیا جائے گا۔

اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ جون تک تمام اپ گریڈیشن اور خوبصورتی کے منصوبے مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں