ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

عازمینِ حج کے لیے بڑی سہولت، تمام انتظامات اب ایک ہی چھت تلے مکمل

اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے عازمینِ حج کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر کے 10 حاجی کیمپوں میں ون ونڈو آپریشن متعارف کروا دیا ہے۔

اس نئے اور جدید نظام کے تحت عازمین کے تمام تر انتظامی امور اب ایک ہی دن میں مکمل کر دیے جائیں گے۔

اس اقدام کا بنیادی مقصد عازمینِ حج کو دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی زحمت سے بچانا اور ان کے قیمتی وقت کے ساتھ ساتھ سفری اخراجات میں کمی لانا ہے۔ اس سہولت سے ملک بھر کے تقریباً ایک لاکھ 19 ہزار عازمینِ حج براہِ راست استفادہ کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ حج آپریشن کا دوسرا مرحلہ بدھ سے شروع ہو رہا ہے جس میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ، سکھر اور رحیم یار خان کے حاجی کیمپ فعال ہوں گے۔ یہاں عازمین کو ایک ہی چھت تلے تربیت، ویکسینیشن اور سفری دستاویزات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

حاجی کیمپوں میں عازمین کو ہوائی ٹکٹ، ویزا، شناختی لاکٹ اور لگیج ٹیگز سمیت ادویات کی پیکنگ کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان عمر بٹ نے بتایا کہ ویکسینیشن اور تربیتی سیشن کا تفصیلی شیڈول پاک حج ایپ پر پہلے ہی اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔

عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کیمپ آمد کے وقت اپنا اصل قومی شناختی کارڈ اور تصویر والی کمپیوٹرائزڈ بینک رسید لازمی اپنے ساتھ رکھیں۔ اس کے علاوہ عازمین کی سہولت کے لیے تمام کیمپوں میں کرنسی کے تبادلے کی غرض سے بینکوں کے خصوصی کاؤنٹرز بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔

یہ ون ونڈو آپریشن عازمین کی مشکلات کم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے ایک مربوط کوشش ہے تاکہ وہ ذہنی سکون کے ساتھ اپنی سعادتِ حج کی تیاری کر سکیں۔ حکومت کی جانب سے اس جدید نظام کا قیام عازمین کی سہولت کے لیے ایک خوش آئند اور بروقت فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں