ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

محمود خان اچکزئی کا قومی اسمبلی میں حکومت کی حمایت کا اعلان

اسلام آباد : قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اہم تقاریر کے دوران اپوزیشن رہنماؤں نے موجودہ صورتحال میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کرتے ہوئے قومی یکجہتی، مکالمے اور امن کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے کہا کہ حالیہ پیش رفت پر خوشی کا اظہار نہ کرنا دانشمندی نہیں ہوگی، اختلافات اپنی جگہ موجود ہیں لیکن موجودہ حالات میں وہ حکومت کے ساتھ ہیں اور غیر مشروط تعاون کریں گے۔ انہوں نے پاکستان زندہ باد  اور پاک فوج زندہ باد  کے نعرے بھی لگائے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ تمام قومی قیادت کو ایک میز پر بیٹھ کر فیصلے کرنے چاہئیں، یہ ایک اہم موقع ہے جس سے فائدہ اٹھا کر ملک کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے، پاکستان وسائل سے مالا مال ہے اور اسے خود انحصاری کی طرف بڑھنا چاہیے۔

انہوں نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر بعض فیصلے شخصی انا کی بنیاد پر بھی ہوتے ہیں، پاکستان کو اپنے مفادات کو مدنظر رکھ کر حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

اپوزیشن لیڈر نے بانی تحریک انصاف کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ملک کا حصہ ہیں، ان سے بات چیت ہونی چاہیے، وہ خود جیل جا کر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کریں گے اور سیاسی حل کی کوشش کریں گے، کسی بھی مقبول سیاسی رہنما کو جیل میں رکھنا درست عمل نہیں، جبکہ وزیر دفاع کو بھی اپنے الفاظ کے انتخاب میں احتیاط برتنی چاہیے۔

دوسری جانب سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان نے موجودہ صورتحال کو پاکستان کے لیے تاریخی قرار دیا، اپوزیشن حکومت کے کردار پر فخر محسوس کر رہی ہے اور وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ ممالک کے درمیان مسائل کا حل مذاکرات سے ممکن ہے، جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، آنے والے دن ملک کے لیے مثبت ثابت ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امن، بھائی چارے اور استحکام کا پیغام دیتا ہے اور اگر آگے بڑھنا ہے تو مستقل امن کے لیے سنجیدہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں