لاہور: پاکستان ریلوے نے پنجاب حکومت کے تعاون سے صوبے کے 9 مقامی روٹس پر نئی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے لیے دونوں اداروں کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی ہو گئے ہیں۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بتایا کہ اس معاہدے کے تحت نہ صرف نئے ریلوے ٹریکس بچھائے جائیں گے بلکہ موجودہ ٹریکس کی بہتری پر بھی کام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سے راولپنڈی کے درمیان ایک فاسٹ ٹرین چلائی جائے گی، جو یہ سفر تقریباً ڈھائی گھنٹے میں مکمل کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فاسٹ ٹرین کے علاوہ آٹھ دیگر لوکل روٹس پر بھی جدید ٹرینیں چلائی جائیں گی، جن کے لیے پنجاب حکومت نئے انجن اور کوچز فراہم کرے گی۔
حنیف عباسی کے مطابق شاہدرہ سے نارووال، نارووال سے سیالکوٹ، رائیونڈ، قصور، پاکپتن سے لودھراں تک نئی ٹرینیں چلائی جائیں گی، جبکہ شیخوپورہ، جڑانوالہ اور شورکوٹ روٹ بھی اس منصوبے میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ لالہ موسیٰ، ملکوال اور سرگودھا کے درمیان، جبکہ فیصل آباد سے چک جھمرہ کے راستے بھی ٹرین سروس شروع کی جائے گی۔ منصوبے میں کوٹ ادو سے ڈیرہ غازی خان کے راستے کشمور تک بین الصوبائی ٹرین بھی شامل ہے۔
وزیر ریلوے نے مزید بتایا کہ ریلوے حادثات کی روک تھام کے لیے خودکار نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جبکہ شاہدرہ سے رائیونڈ تک گرین پارکس قائم کیے جائیں گے اور ریلوے ٹریک کے اطراف میں چار لاکھ سے زائد پودے بھی لگائے جائیں گے۔