اسلام آباد: اسپیشل ڈیوٹی کے دوران پولیس افسر ڈی ایس پی آفتاب احمد دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق آفتاب احمد کو ڈیوٹی کے دوران طبیعت خراب ہونے پر فوری طور پر پمز اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکے۔
پولیس حکام کے مطابق مرحوم آفتاب احمد ہیڈ کوارٹر ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس میں ڈی ایس پی کے عہدے پر تعینات تھے اور اسپیشل ڈیوٹی کے سلسلے میں اسلام آباد آئے ہوئے تھے۔
ان کی میت آبائی علاقے رجانہ کے نواحی چک نمبر 26 روانہ کی جائے گی، جہاں نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی۔
پولیس حکام نے ان کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ایک فرض شناس اور ایماندار افسر تھے جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔